لاہور(خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 19 سال بعد ملازمین کو ترقی دے کر ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے۔لاہور رنگ روڈ اتھارٹی اور رنگ روڈ پولیس کے ملازمین کی ترقی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ملک صہیب احمد بھرتھ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران صوبائی وزیر نے 67 جونیئر پیٹرولنگ آفیسرز کو سینیئر پیٹرولنگ آفیسرز میں ترقی کے بیجز لگائے۔تقریب میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و پولیس ملازمین میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ رنگ روڈ کے دفاتر کے انفراسٹرکچر کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ میں ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ لاہور رنگ روڈ پر تین لاکھ پودے لگانے کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے انہوں نے خود پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔