لاہور ( جنرل رپورٹر ) لاہور جنرل ہسپتال میں علاج معالجہ کے نیٹ ورک کو جدید تر کرتے ہوئے بچوں کے جوڑوں کے درد (Rediartic Rheumatology) کے لئے باقاعدہ سہولیات کا آغاز کرتے ہوئے آؤٹ ڈور میں کلینک قائم کر دیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت رشدہ لودھی،پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر فاروق افضل، ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ پیڈیاٹرک پروفیسر محمدشاہد، ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، پروفیسر سمیرا فرمان راجہ،ڈاکٹر حسن سلمان ملک، ڈاکٹر حوریہ رحمان سمیت ڈاکٹرز کی کثیر میں موجود تھی۔پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل نے پروفیسر آف (Rheumatology) سمیرا فرمان راجہ کووزٹنگ فیکلٹی کا درجہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جنرل ہسپتال میں لوگوں کا طبی معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ ینگ ڈاکٹرز کو بھی بچوں میں جوڑوں کے درد سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کا فریضہ سر انجام دیں گی۔ تقریب کے اختتام پر ہسپتال انتظامیہ نے پارلیمانی سیکرٹری صحت رشدہ لودھی اور سمیرا فرمان راجہ کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔