بالی ووڈ اداکارہ نمرت کور نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں مختلف افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں پھیلانے والوں پر ترس کا اظہار کیا ہے اور انہیں اپنے کام پر توجہ رکھنے کا کہنا ہے۔
اداکارہ نمرت کور بھارتی نیوز ویب سائٹ کی تقریب میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں افواہوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ان لوگوں پر ترس آتا ہے جو افواہیں بناتے ہیں اور انہیں سوشل میڈیا پر پھیلاتے ہیں۔
اداکارہ کا یہ ردِعمل اپنی فلم دسویں کے ساتھی اداکار ابھیشیک بچن کے ساتھ ڈیٹنگ کی قیاس آرائیوں کے حوالے سے سامنے آیا ہے۔
نمرت کور نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اپنے آپ میں ایک ایسا امیبا ہے جو کبھی بھی، کہیں بھی پنپ سکتا ہے، چاہے کوئی وجہ ہو یا نہ، میرا فوکس زندگی میں کیا ہونا چاہیے وہ بہت کلیئر ہے، جب میں ممبئی آئی تھی تو اس وقت سوشل میڈیا نہیں تھا، اسمارٹ فونز بھی نہیں تھے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ میرا زندگی کا مقصد اور ہدف یہ ہے کہ میں اپنے کام کے سرمائے میں اضافہ کروں، نہ کہ ان بے معنی چیزوں پر وقت ضائع کروں جن میں بہت زیادہ فارغ وقت رکھنے والے لوگ مصروف رہتے ہیں، سچ کہوں تو مجھے ان پر ترس آتا ہے، انہیں واقعی اپنی زندگی یا اپنے وقت کے ساتھ کچھ بہتر کرنا چاہیے، میرے دل میں ان کے لیے اتنی ہمدردی ہے، مجھے ان کی پرورش اور خاندان کے حوالے سے دکھ ہوتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں واقعی ان کے لیے برا محسوس کرتی ہوں، اگر کوئی راہ چلتا آدمی آپ سے کوئی فضول بات کہے تو کیا آپ کو برا لگے گا؟ ظاہر ہے وہ شخص تکلیف میں ہے اور اسے مدد کی ضرورت ہے، زندگی میں بہت کچھ کرنا ہے، بہت لمبا سفر ہے، یہ سب بکواس کے لیے میرے پاس فالتو وقت نہیں ہے۔
نمرت کور فلم اسکائی فورس، کُل: دی لیگیسی آف دی رائے سنگھز کے علاوہ ابھیشیک بچن کی فلم کالی دھر لاپتہ میں ایک خصوصی کردار بھی ادا کر چکی ہیں۔