کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے صرف ٹیرف کا ذکر نہیں ہے سرمایہ کاری بڑھانے کا بھی ذکر ہے،ماہر معیشت عمار حبیب خان نے کہاکہ پاکستان ان چند ممالک میں ہے جہاں بہت زیادہ ایسے ذخائر موجود ہیں جن کو بالکل بھی استعمال نہیں کیا گیا ہے ،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف نو مئی کے مقدمات پر فیصلوں میں تیزی آگئی ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ بھارت کے خلاف فتح کے بعد سفارتی پوزیشن نے بھی ڈیل میں کردار ادا کیا۔ یہ لینڈ مارک ڈیل ہے اور اس ڈیل پر بات چیت کافی مہینوں سے ہو رہی تھی ۔ پاکستان کے ایکسپورٹ ٹیرف کم ہوں گے اور اگر بھارت کی خبر سے جوڑیں جہاں اضافہ کیا گیا ہے اور بقیہ اس ریجن سے موازانہ کریں تو ہماری ایکسپورٹ کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور بتیس ارب ڈالر کی ایکسپورٹ میں پچھلے سال چھ ارب ڈالر صرف امریکا تک تھیں ۔ یقیناً ہم نے اپنی ایکسپورٹ ایبل پروڈکٹس کی بیس بڑھانی ہے نہ صرف روایتی چیزوں کی ایکسپورٹ میں بلکہ اس کے علاوہ بھی چیزوں کو ایکسپورٹ کرنا ہے۔ایک انڈسٹریل پالیسی پر کام ہو رہا ہے جس کا فوکس اسی پر ہے کہ کس طرح اپنی پروڈکشن کو بڑھائیں اور انڈسٹر کو آگے لے کر چلیں۔امریکہ کی طرف سے صرف ٹیرف کا ذکر نہیں ہے سرمایہ کاری بڑھانے کا بھی ذکر ہے۔ ماہر معیشت عمار حبیب خان نے کہاکہ پاکستان کے پاس ریزرو موجود ہیں 2014 میں یو ایس اے آئی بی میں ایک اسٹڈی کری تھی جس میں پتہ لگا تھا کہ گیس اور شیل کے بے تحاشہ ریزرو ہیں اور ایک اور ادارے کی یہی رپورٹ تھیں پاکستان ان چند ممالک میں ہے جہاں بہت زیادہ ایسے ذخائر موجود ہیں جن کو بالکل بھی استعمال نہیں کیا گیا ہے۔ پاکستان میں پچھلے دس سال میں جتنی بھی میجر آئل اینڈ گیس کمپنیز تھیں وہ سب چلی گئی ہیں کچھ رہ گئی ہیں ہوسکتا ہے اس وجہ سے امریکن آئل کمپنیز کی انٹری پھر سے ہوجائے ایک زمانے میں یہ کام کرتے تھے پھر وہ چلے گئے۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف نو مئی کے مقدمات پر فیصلوں میں تیزی آگئی ہے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز کو دس دس سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ فیصلوں سے جمہوریت ڈی ریل ہوگی آئندہ اس ایوان میں واپس جانا ہے یا بائیکاٹ کرنا ہے اس کا فیصلہ بہت جلد کریں گے۔ عطا تارڑ نے کہا ہے قانون کی حکمرانی کی جیت کا دن ہے ۔ صحافی حسنات ملک کی خبر کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے عمر ایوب کی جانب سے لکھے گئے خط کا نوٹس لے لیا ہے اور ان سے ملاقات جمعہ کے روز متوقع ہے فیصل آباد انسداد دہشت گردی کی عدالت کی طرف سے اگر انہیں سزا ہوجاتی ہے تو ممکن ہے یہ ملاقات نہ ہوسکے۔ٹرمپ کے اعلانات کچھ ممالک کے لیے دھچکہ اور کچھ کے لیے ریلیف ثابت ہو رہے ہیں۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں لکھا کہ ہم نے پاکستان کے ساتھ معاہدہ مکمل کر لیا ہے جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے ردِ عمل دیتے ہوئے پوسٹ کیا کہ میں ٹرمپ کو پاک امریکہ تاریخی تجارتی معاہدے کی تکمیل میں قائدانہ کردار ادا کرنے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔تجزیہ کار و اینکر منصور علی خان نے کہا کہ فیصلوں میں لوپ ہول موجود ہیں اپیلوں کے ذریعے نکلا جاسکتا ہے۔