حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) اللہ بخش یونیورسٹی آف آرٹ اینڈ ڈیزائین جامشورو کی وائس چانسلر ڈاکٹر اربیلا بھٹو نے سینڈیکیٹ کی منظوری کے بغیر اپنی تنخواہ میں خود ہی 2لاکھ 85ہزارروپے کااضافہ کرلیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ وی سی اللہ بخش یونیورسٹی کی تنخواہ 4لاکھ روپے تھی جس میں اضافہ کے لئے یونیورسٹی سینڈیکیٹ کے 29مئی 2025ءکو ہونے والے پانچویں اجلاس کے ایجنڈآیٹم میں شامل کیاگیا 60اور اضافے کو سادہ اکثریت سے منظورکروانے کی کوشش کی گئی تھی ۔اجلاس میں شریک یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ کے نمائندے ایڈیشنل سیکریٹری محمدانور شر نے تنخواہ میں اضافہ پر اعتراض کرکے اس کی مخالفت کی تھی جبکہ سینڈیکیٹ اجلاس نے اس کی منظوری بھی نہیں دی تھی۔دوسری جانب تنخواہ میں اضافہ کے لئے سینڈیکیٹ کے علاوہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈ ڈیپارٹمنٹ اورچانسلر یونیورسٹی وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری بھی درکا ر ہوتی ہے جوکہ نہیں لی گئی تھی۔ سینڈیکیٹ اجلاس میں تنخواہ میں اضافہ پر تحریری اعتراض‘ قانونی تقاضے پورے نہ کرنے اوراجلاس کی باقاعدہ منظوری کے بغیر وائس چانسلر ڈاکٹر اربیلا بھٹو نے اپنی تنخواہ خود ہی 4لاکھ روپے سے بڑھاکر 6لاکھ 85ہزارروپے کرلی ہے اوراس کی وصولی بھی شروع کردی ہے۔ ”جنگ“ نے اس حوالے سے وی سی اللہ بخش یونیورسٹی ڈاکٹر اربیلا بھٹو سے رابطہ کی کوشش کی تو ان کافون وصول نہیں کیاجارہاتھا جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈبورڈز محمدانور شر نے ”جنگ“ کے رابطہ پر کہا ہے کہ تنحواہوں میں اضافے کا طے شدہ طریقہ کار ہے اس کے علاوہ کیاجانے والا اضافہ غیر قانونی ہے اجلاس میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد پر عمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔