اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ تمام شوگر ملیں 165روپے فی کلو ایکس مل ریٹ پر چینی فراہم کر رہی ہیں اور ملک میں وسط نومبر 2025تک چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں، حکومتی اداروں کی انتظامی مداخلت کی وجہ سے سپلائی چین متاثر ہوئی تھی، ملوں کا تعلق ایکس مل قیمتوں تک ہوتا ہے، چینی قیمتوں کو برآمدات سے منسلک کرنا سراسر حقائق کے منافی۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ حکومتی اداروں کی جانب سے کی گئی بعض انتظامی مداخلت کی وجہ سے سپلائی چین متاثر ہوئی تھی جس میں شوگر انڈسٹری حکومت سے تعاون کرتے ہوئے اس میں بہتری لانے کی کوشش کر رہی ہے،ملوں کا تعلق صرف ایکس مل قیمتوں تک ہوتا ہے جبکہ مارکیٹ میں چینی کی ریٹیل قیمت کا تعین عموماَ مارکیٹ فورسز کرتی ہیں جس سے شوگر انڈسٹری کا کوئی تعلق نہیں اوراب اس کا کنٹرول حکومت کررہی ہے،چینی کی قیمتوں کو برآمدات سے منسلک کرنا سراسر حقائق کے منافی ہے۔