• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوہر پر کوئی الزام ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے، لاپتہ صدام حسین اہلیہ کی اپیل

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مبینہ طور پر لاپتہ صدام حسین کر د کی اہلیہ نے کہا ہے کہ میرے شوہر پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظر عام پر لایا اور عدالت میں پیش کیا جائے اور اگر بےقصور ہیں تو رہا کیا جائے ،یہ بات انہوں نے جمعرات کو وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 18 اور 19 جولائی کے درمیانی شب سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کے 15 سے 20 مسلح اہلکاروں نے ہمارے گھر واقع کلی حبیب ، فیض آباد کوئٹہ پر بغیر وارنٹ چھاپہ مارا اور میرے شوہر صدام حسین کرد ولد عبدالرحیم کو میرے سامنے حراست میں لے کر اپنے ساتھ لے گئے جبکہ میرے اور میرے شوہر کے موبائل بھی اہلکار اپنے ساتھ لے گئے،جب میں نے ان سے پوچھا کہ میرے شوہر کو کیوں اور کہاں لے جایا جارہا ہے تو مجھ سے کہا گیا کہ میرے شوہر کے خلاف کچھ شکایت موصول ہوئی ہیں ، انہیں تفتیش کے بعد چھوڑ دیا جائے گا لیکن تاحال میرئے شوہر کو چھوڑا نہیں گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تین بار کیچی بیگ تھانہ میں ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی اور ہر بار ایف آر درج کرنے سے انکار کیا گیا ، جس کے بعد ایس پی سریاب کو درخواست دی لیکن اب تک ایف آئی آر درج کی گئی اور نہ ہی مجھے میرے شوہر سے متعلق کوئی معلومات فراہم کی جارہی ہے جس کی وجہ میں اور میرا خاندان شدید ذہنی دباو کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرے شوہر پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظر عام پر لایا اور عدالت میں پیش کیا جائے اور اگر بےقصور ہیں تو رہا کیا جائے ۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ انہیں ان کے شوہر کے حوالے سے معلومات فراہم کی جائے تاکہ مجھے اور میرے خاندان کو زہنی اذیت سے نجات مل سکے۔
کوئٹہ سے مزید