• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحصیل منگچر کی یونین کونسلز کے ٹینڈر منسوخ کیے جائیں،سردار زادہ خالد لانگو

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)قبائلی و سیاسی رہنماء سردار زادہ خالد لانگو نے کہا ہے کہ تحصیل منگچر کی مختلف یونین کونسلز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز منسوخ کرکے فوری طور پر ری ٹینڈر کیے جائیں اگر ہمارے مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں،یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل منگچر کی مختلف یونین کونسلز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کےٹینڈرز میں کرپشن اور بے ضابطگیاں کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹینڈرز کو پہلے ضلعی سطح پر قلات منتقل کیا گیا حالانکہ قانون کے مطابق یہ عمل تحصیل منگچر میں مقامی سطح پر ہونا چاہیے تھا ، ٹھیکیداروں کو پہلے قلات بلایا گیا پھر منگچر آفس آنے کی ہدایت کی گئی یہ بدنظمی پر مبنی عمل ہے ۔ میونسپل کمیٹی منگچر سے تمام فارم اور دستاویزات اٹھاکر قلات لے جائی گئیں تاکہ مخصوص من پسند ٹھیکیداروں کو مبینہ طور پر نوازا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل چھپر کے یونین سیکرٹری کو غیرقانونی طور پر ڈیویلپمنٹ آفیسر کا چارج دیا گیا ہے ان سے اختیارات واپس لئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ بعض افسران بھی کرپشن میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے دفتر کو 5 روز قبل ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے ضلعی صدر کی قیادت میں ڈسٹرکٹ چیئرمین کے کہنے پر تالا لگادیا وہاں بھی جس کو چیف آفیسر کے منصب پر غیر قانونی طور پر لایا گیا ہے اس کو بھی ڈسٹرکٹ چیئرمین اور دیگر نے چیلنج کیا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹینڈرز کی شفاف غیرجانبدار اور اعلیٰ سطح انکوائری کرائی جائے اور موجودہ تمام ٹینڈرز کو منسوخ کرکے فوری طور پر ٹینڈر تحصیل منگچر میں عوامی نمائندوں ، مقامی میڈیا کے سامنے شفاف طریقے سے اوپن ٹینڈر کرائے جائیں تاکہ کرپشن کا راستہ بند ہوسکے ۔ بصورت دیگر قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
کوئٹہ سے مزید