کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہم آج بھی پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ کرنے میں ناکام رہے ہیں ، اگر ہم سب مل کر یہ فیصلہ کریں کہ ہم نے اپنے بچوں کو پولیو جیسے وائرس سے بچانا ہے تو یقینا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آئے گا ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کوبچے کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلاکر یونین کونسل 59 کوئٹہ میں پولیو مہم کا آغاز کیا ، اس موقع پر پارٹی ضلع کوئٹہ کے اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ ، یونین کونسل سپورٹ پرسن بشیر احمد کاکڑ ، کمیونیکیشن بلاک افسر مہناز بلوچ اور ان کی ٹیم بھی موجود تھی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو وائرس سے بچانے کے لیے باقاعدگی سے پولیو کے قطرے پلائیں ، انہوں نے پولیو ٹیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیتے ہوئے اس وائرس کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز سے نبھائیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو جیسے موذی مرض کا شکار نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم آج بھی پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ کرنے میں ناکام رہے ہیں حالانکہ دنیا بہت آگے جاچکی ہے اور صحت کے دیگر شعبوں میں عوام کی خدمت میں مصروف ہیں ۔ اگر ہم سب مل کر یہ فیصلہ کریں کہ ہم نے اپنے بچوں کو پولیو جیسے وائرس سے بچانا ہے تو یقینا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آئے گا ۔ انہوں نے شدید گرمی میں پولیو ٹیم کے گھر گھر مہم پر ٹیم بالخصوص خواتین ورکرز کو تحسین پیش کیا اس موقع پر پولیو ٹیم نے ڈاکٹر حامد خان اچکزئی کا پولیو مہم کے افتتاح پر شکریہ ادا کیا۔