کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان نوید جان صاحبزادہ نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی سہولت کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور عوام دوست پالیسیوں کے تحت آگے بڑھ ر ہے ہیں، ہمارا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور کم سے کم وقت میں بہترین خدمات فراہم کی جائیں ۔یہ بات انہوںنےنادرا بلوچستان کوئٹہ ریجن کی جانب سے عوامی سہولت اور براہ راست رابطے کے سلسلے کو مزید فعال بنانے کے لیے لائیو ای کچہری میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔لائیو ای کچہری میں صوبے بھر سے ہزاروں افراد نے بھرپور شرکت کی اور بذریعہ کالز اور کمنٹس ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان نوید جان صاحبزادہ کو اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا ، ای کچہری کے دوران عوام کی جانب سے شناختی کارڈ کے اجراء ، تجدید ، ب فارم ، تصدیق اور دیگر مسائل پیش کیے گئے ۔ ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان نے عوام کی شکایات اور درخواستوں کو توجہ سے سنا اور موقع پر موجود افسران کو براہ راست ہدایات جاری کیں کہ عوامی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔