کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)غیر سرکاری تنظیم ہوپ بلوچستان کے زیراہتمام جھل مگسی میں بائیو فورٹیفائیڈ اسٹیپل کراپس کے حوالے سے گول میز مذاکرات کا انعقاد کیا گیا ، جس میں زرعی ماہرین ، زرعی تحقیقی ادارے کے نمائندوں ، سرکاری افسران ، این جی اوز اور مقامی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ مکالمے کا مقصد غذائی قلت کے خاتمہ ، خوراک اور نیوٹریشن سیکیورٹی میں بہتری کے لیے بائیو فورٹیفائیڈ فصلوں کو فروغ دینا اور ان کی پیداوار کو بڑھانا تھا ۔زرعی ماہرین نے بائیو فورٹیفائیڈ فصلوں کی غذائی اہمیت ، مائیکرو نیوٹرینٹس کی کمی کم کرنے میں ان کے کردار اور جدید کاشتکاری کے طریقوں پر تفصیلی معلومات فراہم کیں ۔ مکالمے کا خاص پہلو بائیو فورٹیفائیڈ گندم پر گفتگو تھی ، جس کے کاشتکاروں نے زیادہ پیداوار ، بہتر دانے کے معیار اور کمیونٹی میں مثبت قبولیت کے اپنے تجربات شیئر کیے ۔ماہرین نے زور دیا کہ بایو فورٹیفائیڈ فصلوں کو مقامی زرعی نظام میں شامل کیا جائے اور سرکاری اداروں ، تعلیمی اداروں ، این جی اوز اور کسانوں کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دے کر اس کے پائیدار اثرات کو یقینی بنایا جائے ۔