کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دی، اور اس فتح کا جشن منانا ایک اعزاز کی بات ہے، اب پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے کا فخر اور مزہ ہے، آج دنیا میں ہمارے پاسپورٹ کی عزت بڑھی ہے ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے،سندھ حکومت کی پالیسی صحافیوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور آزادی اظہار کے اصولوں پر مبنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران کے اعزاز میں کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر پی ایف یو جے افضل بٹ اور سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ ورکر کلاس کی امیدوں کا مرکز رہی ہے۔ تقریب میں صوبائی وزیر سعید غنی اور سندھ حکومت کے ترجمان گنہور خان اسران سمعتا افضال سید، سعدیہ جاوید، بلند خان جونیجو، عقربہ فاطمہ، سکھدیو آسرداس ہمنانی،نادر نبیل گبول، تحسین عابدی، مصطفٰی بلوچ دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ سے یونین آف جرنلسٹس کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کے تمام اسپتال پاکستانی شہریوں کیلئے مفت ہیں، حتیٰ کہ ایران، افغانستان اور دیگر ممالک سے بھی مریض سندھ میں علاج کیلئے آتے ہیں، اگر کسی صحافی پر حملہ ہو تو ایک سیکنڈ کے اندر بڑے سے بڑے اسپتال میں اس کا علاج کرایا جاتا ہے۔ شرجیل میمن نے میڈیا انڈسٹری کی حمایت کو اپنی حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کوشش کی کہ میڈیا فرینڈلی رہیں اور میڈیا انڈسٹری کو ترقی دیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم سندھ میں 93 ہزار ملازمتیں 100 فیصد شفاف طریقے سے دی گئیں۔ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ سندھ میں جاری ہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت 21 لاکھ گھر تعمیر کر رہی ہے۔ وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ جمہوری معاشرہ آزاد عدلیہ اور آزاد صحافت کے بغیر ممکن نہیں۔