اسلام آباد (محمد صالح ظافر)ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو انکی خداداد صلاحیتوں پر ہدیہ تحسین،حکمران پاکستان مسلم لیگ-ن کے صدر ،سابق وزیراعظم نواز شریف کا قدر افزائی کے لئے اظہار تشکر ،دنیا کو جارح اور توسیع پسندی کا رجحان رکھنے والوں کے خلاف متحد ہونا پڑے گا، مریم نواز کا اظہار خیال، ایران کے وزیر خارجہ بھی ملاقات میں موجود تھے،نواز شریف اور مریم نواز کی سعودی عرب، متحد ہ عرب امارات کے سفیروں اور ایران کے صدر سے تین دنوں میں متاثر کن ملاقاتیں ، ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ہفتے کو لاہور میں حکمران پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے عالمی اور علاقائی صورتحال کے بارے میں بے تکلفانہ تبادلہ خیال کیا ،اس موقع پر پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف بھی موجود تھیں جنہوں نے ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے علاوہ ابھرتے عالمی منظر نامے کے حوالے سے دوراندیشانہ گفتگو کی اور اس خیال کا اظہار کیا کہ عالمی امن کو یقینی بنانے کے لئے توسیع پسندانہ اور جارحانہ عزائم ر کھنےوالے ممالک اور ان کے رہنمائوں کا راستہ رو کنے کی غرض سے امن و خوشحالی کو نصب العین رکھنے والے ممالک اور رہنمائوں کے درمیان اشتراک عمل اور مفاہمت کو ممکنہ حد تک مضبوط بنایا جائے۔ بین الاقوامی امور کے بارے میں بصیرت افروز نظریات رکھنےو الے ایران کے وسیع المطالعہ صدر نے مریم نواز شریف کی گفتگو میں گہری دلچسپی لی اور ان کے خیالات پر پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کی اولین خاتون وزیر اعلیٰ کی بین الاقوامی معاملات میں ان کے گہرے شعور پر انہیں ہدیہ تبریک پیش کیا۔