کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے شعبہ خواتین کے زیر اہتمام جشنِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے مقامی خواتین کنونشن سینٹر میں ’’تحریکِ پاکستان میں خواتین کا کردار‘‘ کے موضوع پر خواتین کے مابین تقریری مقابلے کے پروگرام کا شاندار انعقاد ہوا۔چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اتفاق کا نہیں، شعوری انتخاب کا نتیجہ ہے۔ ہمارے بزرگوں نے یہ ملک قربانیوں سے حاصل کیا۔ ہمیں آزادی کی قیمت کو یاد رکھ کر اپنی قومی شناخت کو تازہ کرنا ہوگا۔ تحریکِ پاکستان کی خواتین نے اپنی ہمت، جذبے اور عزم سے نئی نسل کے لیے روشن مثالیں قائم کیں۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان خواتین کی جدوجہد کو یاد رکھیں اور اس مشن کو آگے بڑھائیں۔سینئر مرکزی رہنما نسرین جلیل نے کہا خواتین نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کیا۔ بیگم رعنا لیاقت علی، فاطمہ جناح جیسی عظیم خواتین نے جس جرأت اور قیادت کا مظاہرہ کیا وہ آج کی خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انچارج شعبہ خواتین مریم قریشی کہا ایم کیو ایم پاکستان خواتین کو سیاسی، فکری اور سماجی میدان میں بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، ہم اپنی بچیوں کو صرف تقریری مقابلوں تک محدود نہیں رکھتے بلکہ انہیں قیادت کے لیے تیار کرتے ہیں، پروگرام میں حق پرست اراکین اسمبلی ایم کیوایم پاکستان، مختلف ٹاؤنز کی طالبات نے پُرجوش انداز میں شرکت کی اور موضوع پر بھرپور تقاریر کیں۔ نظامت کے فرائض امبر انیس نے انجام د یئے۔سابق انچارج شعبہ خواتین سکندر باجی، خواتین ونگ کی ذمے داران، سیاسی کارکنان، نوجوان طالبات اور شہری خواتین کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شریک ہوئی۔اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شرکاء کو اسناد و انعامات سے نوازا گیا اور ملکی سلامتی، استحکام اور شہداء کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔