• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹی 20، ہولڈر کا آخری گیند پر چوکا، ویسٹ انڈیز کامیاب، سیریز برابر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو دو وکٹ سے ہرادیا، میچ کے ہیرو جیسن ہولڈر نے 19رنز دے کر چار وکٹ لئے اور آخری گیند پر شاہین شاہ آفرید ی کو چوکا مارکر ناممکن نظر آنے والی جیت کو ممکن بنادیا، انہوں نے 8رنز بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن چوکا پڑگیا۔ سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ ہولڈر نےدس گیندوں پر19نا قابل شکست رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان نے حارف رؤف کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا ، ان کے چار اوور میں48رنز بنے۔ چھ وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں ایک وکٹ شاہین آفریدی نے31رنز کے عوض حاصل کی۔ اسپن کیلئے ساز گار پچ پر سلمان آغا نے کوئی اوور نہیں کرایا ۔ امریکی ریاست فلوریڈا میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ سلمان آغا اور حسن نواز کے درمیان پانچویں وکٹ کی 60رنز کی بڑی شراکت کی بدولت پاکستان نے9وکٹ پر 133رنز بنائے۔ صائم ایوب 7 ، صاحب زادہ فرحان 3 اور محمد حارث 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ حسن نواز 40اور سلمان آغا 38 رنزبناکر نمایاں رہے۔ حسن نواز نے چار چھکے اور ایک چوکا مارا اور23گیندوں کا سامنا کیا۔ سلمان آغا نےایک چھکا اور تین چوکے مارے اور33 گیندیں کھیلیں۔ گوڈا کیش موتی نے39رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے 28رنز بھی بنائے۔ شائی ہوپ21، روسٹن چیز16 اور روماریو شیفرڈ نے16رنز بنائے ۔ محمد نواز نے14رنز دے 3، صائم ایوب نے20رنز دے کر 2اور صفیان مقیم نے19رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔ آل راؤنڈر جیسن ہولڈر نے سابق اسٹار ڈیوین براوو کا ریکارڈ توڑ دیا۔ وہ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 81وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ۔ براوو نے 78 وکٹیں لی تھیں۔

اسپورٹس سے مزید