• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قمبرانی روڈ پر جعلی کولڈرنکس تیار کرنیوالی فیکٹری پکڑی گئی

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے قمبرانی روڈ پر کارروائی جعلی کولڈرنکس تیار کرنے والی ایک غیر قانونی فیکٹری پکڑی گئی ہزاروں لیٹر جعلی اور مضر صحت مشروبات، جعلی لیبلز، خالی بوتلیں، فلنگ مشینیں اور دیگر مواد قبضے میں لے کر فیکٹری کو سیل کر دیا ۔ فوڈ اٹھارٹی بلوچستان کے ذرائع کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کیچی بیگ کے علاقے قمبرانی روڈ پر غیر قانونی فیکٹری میں جعلی کولڈرنکس تیار کرکے شہر بھر میں فروخت کی جا رہی ہے جس پر ڈی جی نے ٹیم تشکیل دی جس نے گزشتہ روز جعلی کولڈرنکس تیار کرنے والی ایک غیر قانونی فیکٹری پز چھاپہ مار کر معروف برانڈز جیسے Sting، Sprite، Dew,Fanta اور Coca-Cola کے نام سے تیار کی جانے والی ہزاروں لیٹر جعلی اور مضر صحت مشروبات، جعلی لیبلز، خالی بوتلیں، فلنگ مشینیں اور دیگر مواد برآمد کرلیا گیا۔بی ایف اے حکام کے مطابق یہ جعلی اور انتہائی مضر صحت کولڈرنکس نہ صرف کوئٹہ بلکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی سپلائی کی جا رہی تھیں، جو لوگوں کی صحت کے لیے شدید خطرہ تھیں۔ فیکٹری کو موقع پر ہی سیل جبکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ۔ مزید برآں جعلی مشروبات کی بڑی مقدار کو تلف و ضبط کیا گیا تاکہ وہ اوپن مارکیٹ میں نہ آسکیں۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے بتایا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں۔ جعلی، مضر صحت اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی فوری طور پر بی ایف اے کو کریں تاکہ لوگوں کی صحت کا تحفظ ممکن اور صحت دشمن عناصر کے خلاف بروقت ایکشن لیا جا سکے انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں فوڈ سیفٹی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اتھارٹی کی جدید لیبز اور متحرک فیلڈ ٹیمیں مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں جبکہ کسی کو بھی عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مارکیٹ میں دستیاب مشروبات اور دیگر خوردنی اشیاء کی خریداری کے وقت لیبل، بوتل کی سیل، تاریخ اور معیار پر ضرور نظر رکھیں، اور کسی بھی مشکوک فوڈ پراڈکٹ یا مشتبہ کاروبار کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 4664507-0333 یا بی ایف اے کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دیں۔
کوئٹہ سے مزید