کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) جامعہ بلوچستان میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد اور تدریسی معیار کو بہتر بنانے کے لیے منعقدہ 21 روزہ فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کامیابی سے مکمل ہوگیا۔ یہ پروگرام ہائر ایجوکیشن کمیشن HEC، فیکلٹی ٹریننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر FTDC، جامعہ میر چاکر خان رند سبی، اور جامعہ بلوچستان کے باہمی اشتراک سے منعقد کیا گیا۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر جامعہ میر چاکر خان رند سبی پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ، تھے، جبکہ مہمانِ اعزاز پروفیسر ڈاکٹر زینب بی بی، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سائنسز، جامعہ بلوچستان تھیں۔ ایڈووکیٹ عبد القدوس رجسٹرار، جامعہ میر چاکر خان رندسبی، نورالامین کاکڑ ڈائریکٹر FTDC اور ٹرینر محمد آصف محمد صادق سمالانی، ڈائریکٹر تعلقات عامہ محمد یوسف گل جناب نوید افتخار احمد ٹریننگ کوآرڈینیٹر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ فیکلٹی ممبران، ٹرینرز اور شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب کے دوران تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹس دیے گئے، جبکہ مہمانانِ خصوصی، ماہرین اور ٹرینرز کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز بلوچ اور پروفیسر ڈاکٹر زینب بی بی نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ اساتذہ کی مسلسل تربیت نہ صرف تدریسی عمل کو مضبوط کرتی ہے بلکہ جامعات کو بین الاقوامی تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ بھی کرتی ہے۔پروگرام کے دوران مختلف جامعات کے ماہر اساتذہ، تجربہ کار پروفیسرز اور وائس چانسلرز نے تدریسی حکمتِ عملی، تحقیق، نصاب سازی، قیادت، اور اعلیٰ تعلیم کے جدید رجحانات پر سیشنز دیے۔پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حاصل کردہ مہارتوں کو اپنے اداروں میں بروئے کار لائیں گے اور علمی و تدریسی ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔