اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پاکستان نے سینئر اسرائیلی وزرا‘ ارکان پارلیمنٹ ‘ سرکاری حکام اور ہزاروں اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے اسرائیلی پولیس کی سکیورٹی میں مسجد اقصی کی بے حرمتی کو جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اورکہاہے کہ مسجداقصیٰ کی حیثیت بدلنے کے اسرائیلی عزائم تباہ کن تشددکو جنم دے سکتے ہیں‘ہم عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو اس کے غیر قانونی اقدامات کا جوابدہ ٹھہرانے اور مسجد اقصی کے مذہبی تقدس اور فلسطینی عوام کے حقوق بالخصوص حق خود ارادیت کے تحفظ کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سینئر اسرائیلی حکام کی موجودگی اور ان کے بیانات اور نفرت آمیز اعلان کہ "ٹیمپل مانٹ ( القدس الشریف )ہمارا ہے"، دنیا بھر میں مذہبی جذبات کو بھڑکانے، کشیدگی میں اضافہ کرنے اور مسجد اقصی کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی ایک خطرناک اور دانستہ کوشش ہے۔ اسرائیل کی توسیع پسندانہ کوششیں خطے کو غیر مستحکم کرنے اور امن کے کسی بھی بامعنی راستے کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ اقدام ہیں۔ اس اشتعال انگیزی سے پورے خطے میں تشددکا تباہ کن سلسلہ شروع ہونے کا خطرہ ہے۔ دنیا کو ایسی منظم ،غیر قانونی، غیر انسانی اور غیر قانونی جارحیت کے سامنے خاموش نہیں رہنا چاہیے۔