• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ نے ملازمین کی مستقلی سے متعلق سندھ حکومت کی اپیل نمٹا دی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے دیہاڑی دار ملازمین کی مستقلی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کیخلاف سندھ حکومت کی اپیل نمٹادی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے روبرو دیہاڑی دار ملازمین کی مستقلی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کیخلاف سندھ حکومت کی اپیل کی سماعت ہوئی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ دیہاڑی دار ملازمین کو ریگولیرائزیشن قوانین کے تحت مستقل نہیں کیا جاسکتا۔ یہ ملازمین ڈیلی ویجز پر تھے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ درخواست گزاروں نے اپنی درخواست میں کوئی غلط بیانی نہیں کی۔ آپ کو عدالتی آرڈر اسی وقت چیلنج کرنا چاہئے تھا۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ آپ یہاں اپنی پہلی غلطی سدھارنا چاہتے ہیں؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہم سے کیا چاہتے ہیں؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ریگولیرائزیشن سے متعلق احکامات کو تقرری سے تبدیل کردیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید