لاہور (آصف محمود بٹ ) پاکستان سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) کے تعاون سے ہائر ایجوکیشن کمیشن(HEC)کے افسران کیلئے ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد عوامی شعبے کی کارکردگی، شفافیت اور دیانت داری کو فروغ دینا ہے۔یہ تربیتی پروگرام " طرزِ حکمرانی میں تبدیلی : سرکاری شعبے کی کارکردگی اور دیانت داری میں بہتری" کے عنوان سے سی ایس اے کے والٹن کیمپس میں شروع کیا گیا، جو اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے افسران کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا باضابطہ تربیتی اقدام ہے۔ یہ پروگرام ادارہ جاتی ہم آہنگی، پالیسی پر مبنی فیصلہ سازی، اور عوامی خدمات کے نئے معیارات کے قیام کی جانب ایک عملی قدم سمجھا جا رہا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کیپیسٹی بلڈنگ سی ایس اے، ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی نے سول سروسز اکیڈمی کی تدریسی حکمتِ عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اکیڈمی اب روایتی لیکچر بیسڈ تدریس سے آگے بڑھ کر کیس اسٹڈی، عملی مشقوں اور فیلڈ اٹیچمنٹس پر مشتمل جدید طرزِ تربیت اختیار کر چکی ہے۔