کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینئر سول جج وسطی ظہیر حسین منگی نے شادمان نالے میں موٹر سائیکل گرنے سے خاتون اور دو ماہ کے شیر خوار بچے کی المناک ہلاکت کے معاملے پر بڑا فیصلہ سناتے ہوئے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن وسطی کو غفلت کا مرتکب قرار دے دیا۔ عدالت نے فریقین کو متاثرہ خاندان کو 99 لاکھ روپے سے زائد ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ اندوہناک حادثہ فریقین کی مجرمانہ غفلت کے باعث پیش آیا جو اپنے عوامی فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ بلدیاتی اداروں پر قانونی اور اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نالوں اور سیوریج کے نظام کی دیکھ بھال کریں اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنائیں۔ وکیل درخواست گزار عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ 2022 کی شدید بارشوں کے دوران متاثرہ خاندان موٹر سائیکل پر سفر کر رہا تھا کہ شادمان نالے کے قریب سڑک پر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث موٹر سائیکل نالے میں جاگری۔