اسلام آباد (رانا غلام قادر / نیوز رپورٹر) قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان نے 9مئی سزاؤں پر احتجاج کیا اور سزا پانے والے رہنماؤں کی تصاویر ڈیسک پر رکھ دیں ، پی ٹی آئی ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور ووٹ پر ڈاکہ نا منظور کے نعرے لگائے ، عامر ڈوگر نے کہا کہ جمہوریت کا قتل ہوا ، مغفرت کی دعا کرلیں ۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ9مئی کیاہے توبھگتنا پڑے گا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاست میں نفرت اتنی بڑھ گئی کہ ہم ایک میز پر بیٹھنے کے لیے تیار نہیں‘ ہمیں اپنی اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا ہو گا۔علاوہ ازیں ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے میاں اظہر کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ نومنتخب رکن ارم حامد حمید نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھا لیااور رواں سیشن کیلئے پینل آف چیئرپرسنز کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سیاست میں نفرت اتنی بڑھ گئی کہ ہم ایک میز پر بیٹھنے کے لیے تیار نہیں‘ ہمیں اپنی اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا ہو گا۔پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگربولے کہ ایک جنازہ جمہوریت کا بھی نکل چکا ہے‘ اس پر بھی مغفرت کی دعا کروائی جائےجبکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑنے کہ 9مئی کیا ہے تو بھگتنا پڑے گا۔قومی اسمبلی اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا۔مخصوص نشستوں پر منتخب رکن ارم حامد حمید نے حلف اٹھا لیا‘اس دوران اپوزیشن نے احتجاج کیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اڑا دیں۔ایوان میں مرحوم میاں اظہر کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس پر خطاب کا سلسلہ جاری رہا، اس موقع پر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ دوریاں اتنی بڑھ گئی ہیں کہ ہم ایک دوسرے سے ملنے سے گریزاں ہیں، سیاست دانوں نے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا ختم کر دیا‘استدعا ہے کہ چیزوں کو وہاں تک رکھیں جہاں سے واپسی ممکن ہو۔ایوان میں نعرے لگانے سے نہیں بات چیت سے مسائل حل ہوں گے۔عامر ڈوگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فسطائیت کے دور میں مرحوم میاں اظہر پر آخری دنوں میں ڈنڈے برسائے گئے، ایک جنازہ جمہوریت کا بھی نکل چکا ہے۔