کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاری جنرل اسپتال میں ایک پیچیدہ میڈیکل کیس میں ڈاکٹر یامین مگن نے ذہنی طور پر معذور 23سالہ خاتون کے پیٹ سے بغیر سرجری کے تالا نکال کر طبی معجزہ کر دکھایا۔ مذکورہ خاتون کو پیر کی صبح ایمرجنسی میں لایا گیا تھا جہاں اُس کی حالت انتہائی تشویشناک تھی۔ فوری طور پر کیے گئے ابتدائی معائنے اور ایکسرے میں خاتون کے پیٹ میں ایک دھات نما شے کی موجودگی سامنے آئی، جو بعد ازاں تالا ثابت ہوئی۔ لیاری جنرل اسپتال کے شعبہ گیسٹرانٹرولوجی کے سربراہ ڈاکٹر یامین مگن نے مکمل سرجری کے بجائے گیسٹرو اسکوپک پروسیجر کے ذریعے تالا کامیابی سے باہر نکال لیا۔ اس عمل میں منہ کے ذریعے اوزار اندر ڈال کر تالا باہر نکالا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مریضہ اب خطرے سے باہر ہے اور اس کی حالت تسلی بخش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذہنی معذور افراد میں اس نوعیت کے کیسز غیر معمولی مگر ممکن ہوتے ہیں، جہاں وہ نادانستہ طور پر خطرناک اشیاء نگل لیتے ہیں۔