کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات مصدق ملک نے کہا ہے کہ اس ملک کی اشرافیہ نے دریاؤں کے کنارے پر ہاؤسنگ اسکیمز اور تعمیرات بنا رکھی ہیں ۔یہ طاقتور لوگ ہیں۔ جن کو این او سیز مل جاتی ہیں ۔وزیراعظم نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ اب ریاست ان کے آڑے آئے گی ۔دریا کنارے ایک بھی غریب آدمی کا ہوٹل نہیں تھا ۔سارے ریزورٹس امیروں کے تھے ۔پانی جب آتا ہے یہ نہیں دیکھتا کہ سیٹھ کا ہوٹل ہے ۔میں ان کو ناجائز نہیں کہوں گا کیونکہ یہ لوگ طاقتور ہوتے ہیں تو انکو این او سی مل جاتا ہے ،سیلاب اور قدرتی آفات سے ملک بھر میں 800سے زائد لوگ جاں بحق ہوچکے ہیں ۔اتنے لوگ تو جنگ میں شہید نہیں ہوتے ہیں ۔ہمارے لیے اب یہ معاملہ جنگ کی طرح ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعے کو باغ ابن قاسم میں مون سون شجر کاری مہم کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہی ۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی قیادت اندرون سندھ میں پہنچ چکی ہے۔