کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک نے نظام کے لحاظ سے اہم ملکی بینکوں (ڈی-ایس آئی بی)کے فریم ورک کے تحت 2025کے لیے ایسے بینکوں کے تعین کا اعلان کر دیا ہے۔نیشنل بینک آف پاکستان، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اور حبیب بینک لمیٹڈ کو نظام کے لحاظ سے اہم ملکی بینک برائے 2025 متعین کیا گیا ہے۔مذکورہ فریم ورک اپریل 2018 میں متعارف کرایا گیا اور اس میں دسمبر 2022میں ترمیم کی گئی تھی۔نظام کے لحاظ سے اہم ملکی بینکوں کی شناخت سالانہ بنیاد پر دو مراحل میں ہوتی ہے۔ پہلے مرحلے میں مقداری اور معیاری پیمانوں پر ہر سال نمونے کے بینکوں کو شناخت کیا جاتا ہے۔ دوسرے مرحلے میں نمونے کے ان بینکوں میں سے ان اداروں کے حجم، باہمی روابط (interconnectedness)، تبادلہ پذیری (substitutability) اور پیچیدگی کو مدِنظر رکھ کر نظامی اسکور معلوم کر کے نظام کے لحاظ سے اہم ملکی بینکوں کا تعین کیا جاتا ہے۔