کراچی(اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نےکہا ہے کہ ہم اپنی زمین اور قوم کو تقسیم نہیں ہونے دینگے اسلئے ہم نے کبھی کراچی صوبہ کی بات نہیں کی، جنوبی سندھ صوبہ ہی کراچی تا سکھر سندھ کے شہری علاقوں میں بسنے والے مہاجروں کا تحفظ کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلع وسطی سے آنے والے وفدسے ملاقات میں کیا۔ آفاق احمد نے مزیدکہا کہ کراچی صوبہ بنانے کی باتیں دوسروں کی زبانیں بولنے والے کررہے ہیں،جو ہم کسی صورت نہیںہونے دیں گے بلکہ اس حوالے سے ہونے والے کسی ریفرنڈم کو بھی نہیں ہونے دینگے۔ آفاق احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی، جئے سندھ کے علیحدگی پسندوں کو پالتی ہے بلکہ انہیں سندھو دیش کی تحریک چلانے کیلئے باقاعدہ فنڈنگ کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ اندرون سندھ کھلے عام پاکستان مردہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں جس کا مقتدرہ قوتوں کو نوٹس لینا چاہئے۔ آفاق احمد نے کہا کہ کالا باغ ڈیم سمیت دیگر ڈیموں کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔