سفیرِ پاکستان برسلز، لگسمبرگ و یورپی یونین رحیم حیات قریشی نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر خطاب کے دوران یورپی پارلیمنٹ کی مسئلہ کشمیر پر بنائی گئی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب تو یورپی اعلیٰ حکام نے سرحد پار بھارتی ریاستی جبر کو بےنقاب کیا ہے۔
سفارتخانہ پاکستان میں پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک کے ساتھ کیا گیا، نظامت کے فرائض پریس قونصلر صغیر وٹو نے ادا کیے۔
استحصال کشمیر ڈے پر سفارتی عملے سمیت بیلجیئم میں مقیم سیاسی سماجی اور کاروباری حلقوں کی اہم شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
پروگرام میں بھارتی مظالم کا شکار معصوم کشمیریوں پر دستاویزی فلم دیکھ کر شرکاء میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
سفیرِ پاکستان نے خطاب میں کہا کہ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ڈیجیٹل نگرانی، انٹرپول کے ناجائز استعمال، جلاوطن کشمیریوں کو خاموش کرانا اور ان کے اہلِ خانہ کو ہراساں کرنے کے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں تاکہ کشمیریوں کی آواز کو دبایا جا سکے۔
سفیرِ پاکستان رحیم حیات قریشی نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں پر ہونے والے جبر کو علاقائی مسئلہ نہیں بلکہ بین الاقوامی بحران کے طور پر تسلیم کرے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر عالمی برادری کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن اس وقت ممکن ہو گا جب مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے گا، ہم عالمی ضمیر کو یہ یاد دلانا چاہتے ہیں کہ کشمیر کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کیا جائے کیونکہ یہ انسانی عظمت آزادی اور انصاف کا ایک سنگین معاملہ ہے جسے نظر انداز کرنا خود اس کے اصولوں کی نفی کے مترادف ہو گا۔
سفیرِ پاکستان نے شہدائے کشمیر کی قربانیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کہ انہیں آزادی نصیب نہ ہو۔
انہوں نے کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید کو یورپ میں تحریکِ آزادی کی مثبت کاوشوں پر تعریفی سند دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
کشمیر پیس فورم بیلجیئم کے صدر چوہدری نصیر نے کہا کہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو 6 سال مکمل ہو چکے ہیں اور ان 6 سالوں میں اہلِ کشمیر پر جس طرح قیامت کے پہاڑ توڑے گئے اس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں بسنے والی کشمیری عوام 5 اگست کا دن منا کر ہندوستان کو یہ باور کراتے ہیں کہ ہم بھارتی غیر آئینی اور غیر قانونی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے۔
شاعر اور صحافی عمران ثاقب نے کشمیری عوام کےلیے اشعار سنا کر داد وصول کی۔
کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کشمیری عوام پر مسلط بھارتی جبر و استبداد کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی اور حریت رہنماؤں کی بلا جواز گرفتاریوں پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کشمیری عوام پر زور زبردستی کو نہیں مانتے۔
انہوں نے سفیرِ پاکستان کی جانب سے دی گئی تعریفی سند پر شکریہ ادا کیا۔
سفارتخانہ پاکستان برسلز کی جانب سے کشمیری مظالم پر تصاویری نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا جو عالمی برادری کی خاموشی پر سوالیہ نشان کے مترادف ہے۔
پروگرام کے آخر میں حاضرین نے سفیرِ پاکستان اور دیگر سفارتی عملے کے ساتھ کشمیری عوام کے حق میں ہمدردی اور حمایت جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔