لاہور(اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہاکہ اقلیتی ہفتہ" کی تقریبات کے حوالے سے تمام محکموں سے کہا کہ وہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت بھرپور تعاون کریں صوبائی وزیر اقلیتی امورکی زیر صدارت ان کے کیمپ آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 7 تا 11 اگست 2025 کو منائے جانے والے "اقلیتی ہفتہ" کی تقریبات سے متعلق انتظاما ت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے سیکرٹری فرید احمد تارڑ، چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی فلبوس کرسٹوفر ایم پی اے، ایم پی اے ایمانوئل آتھر، شکیلہ جاوید آرتھر، طارق مسیح گل، وسیم انجم، سیکشن آفیسر ایڈمن HR&MA سمیت دیگر اہم شخصیات اور محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اجلاس کے شرکاء کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اقلیتی ہفتہ کا باقاعدہ آغاز 7 اگست کو ایک رنگا رنگ قافلے سے ہوگا جو ڈبل ڈیکر بسوں پر ریگل چوک میں واقع "کیتھیڈرل چرچ آف پاکستان" سے روانہ ہوگا۔ افتتاحی موقع پر شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا جائے گا۔