لاہور(خالدمحمودخالد) ’دوست دوست نہ رہا، ٹرمپ یار ہمیں تیرا اعتبار نہ رہا ، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر روسی تیل کی خریداری کے سبب ٹیرف بڑھانے کے اعلان کے بعد بھارت کی سیاست میں نئی گرما گرمی دیکھنے کو ملی ہے۔ اپوزیشن جماعت کانگریس نے اس معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی امریکہ سے متعلق خارجہ پالیسی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما اور رکنِ راجیہ سبھا جے رام رمیش نے مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی برسوں سے ٹرمپ کے ساتھ خاص دوستی کا دعویٰ کرتے آئے ہیں لیکن اب وہی دوستی بھارت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔ ایک انٹرویو میں جے رام رمیش نے کہا کہ وزیر اعظم ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ ان کی اور ٹرمپ کی ایک خاص یاری ہے لیکن اب وہی ٹرمپ بھارت کو اقتصادی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں مشہور فلمی گانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے وزیر اعظم کو یہ ضرور یاد ہوگا ’دوست دوست نہ رہا، ٹرمپ یار ہمیں تیرا اعتبار نہ رہا۔ جے رام رمیش نے مزید کہا کہ ’ہاؤڈی مودی‘ اور ’نمستے ٹرمپ‘ جیسے شاندار پروگراموں کے ذریعے دنیا کو یہ دکھانے کی کوشش کی گئی کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان خاص تعلقات ہیں لیکن آج کی حقیقت یہ ہے کہ انہی تعلقات کے بانی سمجھے جانے والے ٹرمپ ہی بھارت کو تجارتی پابندیوں کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔