• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کا بل دیکھ کر کسی کو بھی ہارٹ اٹیک ہو سکتا ہے: نبیل ظفر

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

معروف پاکستانی اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر نبیل ظفر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور آسمان کو چھوتے بجلی کے بلوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

نبیل ظفر نے کہا کہ اب تو بجلی کے بل اتنے زیادہ آ رہے ہیں کہ صرف انہیں دیکھ کر ہی کسی کو دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں گھر میں اب حد درجہ محتاط ہو چکا ہوں، ہر وقت گھر والوں کو غیر ضروری پنکھے اور لائٹیں بند کرنے کی تلقین کرتا ہوں۔

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے میرے اندر ابا کی روح آ گئی ہو، کیونکہ میں بھی ان کی طرح بار بار کہتا ہوں، بل بہت آ جائے گا بھائی، مہنگائی سے بچنے کے لیے گھر پر سولر سسٹم لگوا لیا ہے، مگر کراچی میں جب موسم ابر آلود ہو تو سولر بھی کام نہیں کرتا۔

اداکار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ بادلوں سے دل ہی دل میں کہتا ہوں، یا تو بارش برسا دو یا کراچی چھوڑ دو تاکہ سورج نکلے اور میرا سولر کام کرے۔

انہوں نے اپنے مرحوم والدین کی یادیں بھی ناظرین سے شیئر کیں اور کہا کہ انسان اکثر والدین کی قدر ان کی زندگی میں نہیں کرتا اور جب وہ چلے جاتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ وہ کتنا قیمتی سرمایہ تھے۔

نبیل ظفر نے موجودہ معاشی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تو قیمتیں اتنی بڑھ چکی ہیں کہ ہر چیز مہنگی لگتی ہے اور یوں لگتا ہے جیسے ہم روزانہ کی بنیاد پر زندہ رہنے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید