کیا پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار علی رضا اور انمول بلوچ کی شادی ہو رہی ہے؟ اس سلسلے میں حقیقت سامنے آگئی۔
حالیہ نجی ٹی وی کے مشہور ڈرامے میں مرکزی کردار نبھانے والے علی رضا اور انمول بلوچ کی جوڑی نے ناظرین کے دل جیت لیے، جو ابتدا میں ایک عام سی رومانوی کہانی تصور کیا جا رہا تھا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ شائقین اس جوڑی کے دیوانے ہوگئے۔
انمول اور علی کی کیمسٹری کو اس قدر سراہا گیا کہ مداحوں نے انہیں ناصرف اسکرین پر بلکہ حقیقی زندگی میں بھی ایک ساتھ دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔
دونوں فنکاروں کی ایک تقریب میں مشترکہ شرکت نے بھی خوب شہ سرخیاں بٹوریں اور اس دوران انمول بلوچ کی ممکنہ شادی کی خبریں سامنے آئیں، مداحوں کی بڑی تعداد نے خواہش ظاہر کی کہ اگر انمول شادی کریں تو وہ علی رضا سے ہو۔
تاہم حال ہی میں علی رضا نے ایک انٹرویو میں ان تمام افواہوں کی وضاحت کردی۔
ایک مشہور فیشن ویب شو پر گفتگو کرتے ہوئے علی رضا نے بتایا کہ انمول بلوچ کے ساتھ میرے تعلقات صرف دوستی تک محدود ہیں اور میں اس کو محبت یا شادی میں بدلنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں دیکھوں گا کہ آیا مجھے شوبز انڈسٹری کی لڑکی سے شادی کرنی ہے یا نہیں؟ یہ وقت اور حالات پر منحصر ہوگا، لیکن فی الحال میں انمول بلوچ کو صرف ایک اچھا دوست مانتا ہوں اور یہی رشتہ قائم رکھنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔