سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو کو شادی کی آفرز موصول ہونے لگیں، اداکارہ نے اس دلچسپ صورتحال پر ردعمل میں کہا کہ کبھی کبھار شوہروں کو ٹینشن دینا ضروری ہوتا ہے۔
عتیقہ اوڈھو حال ہی میں اپنے ویڈیو بیان کے بعد خبروں میں ہیں، جس میں انہوں نے اپنی شادی سے متعلق دلچسپ تبصرہ کیا کہ ان کا نکاح خطرے میں ہے، ان کا یہ جملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور شادی کی آفرز کا تانتا بندھ گیا۔
انہوں نے ڈرامہ ریویو شو میں کہا کہ میں نے پچھلے ہفتے مذاق میں کہا تھا کہ میری شادی خطرے میں ہے کیونکہ میں بہت زیادہ ڈرامے دیکھ رہی ہوں، اس پر لوگوں نے اتنی ہمدردی دکھائی کہ میرے ان باکس میں پیغامات اور شادی کی پیشکش آنے لگیں، میرا ڈی ایم شادی کی آفرز سے بھری ہوا ہے، میں لطف اندوز ہو رہی ہوں۔
انہوں نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ میں اس لیے آج یہ روایتی سرخ لباس پہن کر آئی ہوں، کیونکہ کبھی کبھار شوہروں کو ٹینشن دینا ضروری ہوتا ہے، خواتین اپنے شوہروں کو دباؤ میں رکھنا سیکھیں۔
عتیقہ اوڈھو نے سوشل میڈیا کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اب میں نے سیکھ لیا ہے کہ سوشل میڈیا کو مختلف انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے، یہ بہت مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔