کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک میں چھوٹے ایڈمنسٹریٹو یونٹ بننے چاہئیں ایم کیو ایم اس کی حمایت کرتی ہے، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کراچی کے تاجروں سے ملاقات میں چھوٹے صوبوں کے قیام کو ضروری قرار دیا تھا، یہ اب ایم کیو ایم کا مطالبہ ہی نہیں رہا بلکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہو چکا ہے،یکم ستمبر سے ملک بھر میں پولیو مہم کا بھرپور انداز میں افتتاح کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے دس ستمبر سے باقاعدہ آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ڈریپ کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما انیس قائم خانی بھی موجود تھے۔ مصطفی کمال نے مزید کہا کہ سیاستدانوں نے اپنے اقتدار کیلئے ملک میں ہمیشہ عام عوام کو اختیارات اور وسائل سے دور رکھا ہے نتیجتاً احساس محرومی بڑھتی چلی گئی۔ لوگ ریاست کے خلاف ہو گئے اور بعض نے ہتھیار بھی اٹھا لیے۔ جن سے افواج پاکستان کو ہی نمٹنا پڑا۔ اس لیے عوام اور اداروں کے درمیان دوریاں نہ آئیں اس کیلئے انتظامی اصلاحات اور نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے۔ تو انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سیلابی صورتحال ہے لیکن بدقسمتی سے موثر بلدیاتی نظام نہیں، صرف وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس طرز کی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہیں۔