کراچی (اسٹاف رپورٹر)لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع پرانے کپڑوں کی فیکٹری آتشزدگی کے دوران فیکٹری زمین بوس ہوگئی، آتشزدگی کے نتیجے میں8افراد بھی زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع پرانے کپڑوں کی پانچ منزلہ ماشاء اللہ نامی فیکٹری میں جمعرات کی صبح آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی ،فیکٹری میں آگ لگتے کی فیکٹری میں موجود سینکڑوں مرد وخواتین ورکروں نےاپنی مدد آپ کے تحت فیکٹری سے باہرنکلنا شروع کردیا ۔آگ کی اطلاع پر ای پی زون کے فائر ٹینڈر،پولیس، رینجرز،فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122اداروں کے اہلکاروں کے علاوہریسکیو عملہ بھی موقع پرپہنچ گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق آگ پہلے فیکٹری کی بیسمنٹ میں لگی جو چوتھے فلور تک پہنچ گئی۔ریسکیو 1122کے مطابق عمارت میں کنسٹرکشن کا کام چل رہا تھا جس کے باعث وہ آگ کی تپش برداشت نہیں کر پائی اور زوردار دھماکے سے زمین بوس ہو گئی۔آگ لگنے کے باعث فائر فائینٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق پورے احاطے میں چار الگ الگ عمارتیں ہیں جس میں واقعہ کے وقت 1200افراد تھے جنھیں وہاں سے نکالا گیا۔فیکٹری سے نکلنے والے دھوئیں کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا بھی رہا۔ چیئرمین ای پی زون نے بتایا کہ ای پی زون میں 1980 سے فیکٹری قائم پانچ پانچ منزلہ فیکٹروں کے درمیان کوئی خلا نہیں ہے جس میں کوئی گاڑی جا سکے یا دوسری فیکٹری کو بچایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ آگ فیکٹری کی بیسمنٹ میں لگی اوربیسممنٹ میں جانے کا کوئی راستہ نہیں تھا۔