بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے اپنے شوہر فہد احمد سے متعلق ریمارکس پر ٹرولرز کو کرارا جواب دے دیا۔
سوارا بھاسکر نے اپنے سوشل میڈیا ایپ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ٹرولر کو اس وقت آڑے ہاتھوں لیا جب اس نے ان کے شوہر فہد احمد کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔
واضح رہے کہ سوارا اور فہد احمد حال ہی میں پتی پتنی اور پنگا رئیلٹی شو میں نظر آئے تھے۔
37 سالہ سوارا بھاسکر نے مذکورہ بالا ٹرولر کو بھرپور جواب دیا جس نے ان کے سیاستدان شوہر فہد احمد کا مذاق اڑاتے ہوئے انہیں ’چھاپڑی والا‘ اور ’ڈونگری کا ریڑھی والا‘ کہا تھا۔
سوارا نے ٹرولر کے ٹوئٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کیے تاکہ اس کی پروفائل کو ہائی لائٹ کیا جاسکے۔
پوسٹ میں ٹرولر نے لکھا تھا کہ اداکارہ پرینیتی چوپڑا کو اپنے شوہر کو پی آر کےلیے ٹاک شوز پر لے جاتے ہوئے دیکھنے کے بعد سوارا بھاسکر نے بھی ایسا ہی کرنے کا سوچا اور وہ اپنے ڈونگری کے چھاپڑی والے شوہر کو ایک ریئلٹی شو میں لے گئیں۔ پی آر تو دور کی بات سوارا کا شوہر تو ڈونگری کے کسی ریڑھی والے جیسا لگ رہا تھا۔
سوارا نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خود کو ایک قابل فخر ہندو اور ڈاکٹر اے بی امبیڈکر کا پیروکار کہنے والے کو شاید یہ علم نہیں کہ چھاپڑی ایک ذات پات پر مبنی توہین آمیز لفظ ہے جو ان لوگوں کے لیے استعمال ہوتا ہے جو چھپر (گھاس پھوس) کی چھتیں بناتے ہیں اور ڈونگری یا کہیں کے ریڑھی والا ہونے میں کوئی برائی نہیں، ہاں تم جیسے ذات پات اور طبقاتی تعصب سے بھرے ذہن والوں کے لیے یہ برائی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ سوارا بھاسکر نے فروری 2023 میں فہد احمد سے شادی کی اور انکی ایک بیٹی ہے۔ فہد احمد نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(شراد چندرا پوار) کے رکن ہیں اس سے قبل وہ سماج وادی پارٹی کے مہاراشٹر کے رہنما تھے۔