سکھر/خیرپور/دادو(بیورو رپورٹ/ نامہ نگاران) نوابشاہ،پنوعاقل،جامشورو،ڈگری، ٹنڈو جام سمیت سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں بھی جشن آزادی کی خوشیاں منانے کیلئےمیوزیکل نائٹ کا انعقاد کیا گیا جبکہ معرکہ حق آزادی کے سلسلے میں ریلیاں نکالنے، پرچم کشائی، تقریبات کے انعقاد، سجاوٹ اور چراغاں کا تسلسل برقرار ہے۔تفصیلات کے مطابق جشن معرکہ حق آزادی کے سلسلہ میں ریلیاں نکالنے، پرچم کشائی، تقریبات کے انعقاد، سجاوٹ، چراغاں کرنے کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخ ساز فتح کے جذبے سے سرشار عوام الناس وطن عزیز کا جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے انتہائی پرجوش ہیں۔ بزرگ، نوجوان، بچے اور خواتین کا جوش و جذبہ دیدنی ہے، گھروں، دفاتر، دکانوں، گلی و محلوں، شاہراہوں، چوراہوں کو سبز ہلالی پرچموں جبکہ برقی قمقموں سے اپنے اپنے گھروں اور علاقوں کو بھی سجایا جارہا ہے۔ رات گئے تک نوجوان سبز ہلالی پرچم، برقی قمقموں سے چراغاں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے 10اگست کو منعقد ہونیوالے میوزیکل کنسرٹ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے جناح میونسپل اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ خیرپورسندھ ناپ تول اینڈ پرائیس کنٹرول اتھارٹی کا اہم اجلاس جشن آزادی اور معرکہ حق قومی جوش و جذبےکے ساتھ منانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ دریں اثنا چھتری چوک پر جشن آزادی و معرکہ حق کے سلسلے میں رنگا رنگ تقریب منعقد ڈی سی اور ایس پی نے قومی پرچم کو سلامی دی ہزاروں شہری شریک ہوئے۔ دادو کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جشن آزادی کی خوشیاں متاثرین کے ساتھ مل کر منانے کیلئے ضلع انتظامیہ نے ایک منفرد اقدام اٹھایا اور کچے کے علاقے کے گاؤں حمزو خان خشک میں ایک یادگار میوزیکل نائٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں متاثرین نے بھرپور شرکت کی اور قومی جذبے کا اظہار کیا۔