کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں میزبان نے تجزیہ پیش کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان کے پاس کچھ ایسے وسائل ہیں جن کی وجہ سے ٹرمپ کی دلچسپی بڑھ گئی، امریکی صدر ٹرمپ کے بھارت کے حوالے سے سخت اقدامات نے بھارت امریکہ تجارتی جنگ چھڑنے کے امکانات بڑھا دیئے ہیں اور بھارت کی معیشت پر اثرات پڑنا بھی شروع ہوگئے ہیں۔ معروف امریکی کمپنیوں نے بھارتی مصنوعات کی خریداری روک دی ہے۔ بھارت نے بھی دفاعی سازو سامان کی امریکہ سے ڈیل فی الحال روک دی ہے لیکن کوئی تحریری ہدایت جاری نہیں کی گئی ہے البتہ راجنات سنگھ کا امریکی دورہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ بلوم برگ کی خبر کے مطابق سترہ جون کو مودی اور ٹرمپ کے درمیان فون کال ہوئی تھی اور یہی کال امریکہ بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھانے کا ٹرننگ پوائنٹ بنی۔ مودی آنے والے ہفتوں میں چین کے دورے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور امکان ہے وہ چین کے صدر کے ساتھ ساتھ روس کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جس نے زیادہ مسائل کے بغیر امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ کیا۔ پاک بھارت سیز فائر کے بعد پاکستان نے خوشدلی سے قبول کیا لیکن بھارت نے ٹرمپ کے دعویٰ کی تردید کردی کہ انہوں نے یہ صلح کرائی ہے جس کے بعد بھارت کے تعلقات امریکہ سے بگڑ گئے ایسے میں پاکستان کے پاس کچھ ایسے وسائل ہیں جن کی وجہ سے ٹرمپ کی دلچسپی بڑھ گئی تجزیہ کے مطابق پاکستان کے پاس دنیا کے سب سے بڑے غیر دریافت شدہ سونے اور تا نبے کے ذخائر میں سے کچھ موجود ہیں جس سے یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ امریکہ پاکستان سے بھی یوکرین کی طرح کا معدنیات کا معاہدہ مانگ سکتا ہے۔