اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے غزہ پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے خطے میں امن کا امکان ختم ہوجائیگا، عالمی برادری جارحیت فوری روکے، وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے برآمدات کے گزشتہ برس کے ہدف کے حصول کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی برآمدات 30 ارب ڈالر تک پہنچانے اور ملک بھر کے سیاحتی مقامات کے فروغ کیلئے روڈمیپ بنایا جائے، وزیراعظم نے حکومت ڈیجیٹائزیشن سے معیشت کی ترقی اور اسے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے، وزیراعظم نے ژوب میں 33 فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور ان کیخلاف کامیاب کاروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے، وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی وفد کی ملاقات،بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے انکے کزن میاں شفیع کے انتقال پر تعزیت اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت این آئی ٹی بی اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر مشرف زیدی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اجلاس کو ہدایت کی کہ این آئی ٹی بی کے بنیادی ڈھانچے کی ازسر نو تنظیم اور مارکیٹ سے بہترین افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں۔