کراچی (اسد ابن حسن) ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی وقار الدین سید نے ادارے کے تفتیشی افسران کی بلیک میلنگ کی راہیں مسدود کر دی ہیں۔ ایجنسی کا بینکوں اور مالیاتی اداروں میں اکاؤنٹ منجمد کرنے کے لئے معیاری طریقہ کار ( ایس او پی) کے اجرا کا نوٹیفکیشن ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عثمان نے جاری کر دیا ہے۔ مذکورہ اقدام سے عوام کی دیرینہ شکایات اور بلیک میلنگ کا خاتمہ ہو سکے گا۔ تفتیش کے دوران شفافیت اور نگرانی بر قرار رکھنے کے لئے بنکو ں اور مالیاتی اداروں میں موجود اکاونٹس کو منجمد یا بلاک کرنے کا طریقہ کار واضح کر دیا ہے۔