• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاؤسنگ سوسائٹی کی جائیدادوں کی نیلامی، فوری حکم امتناع کی درخواست مسترد

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)عدالت عظمیٰ نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ( بحریہ ٹاؤن) انتظامیہ کی جانب سے اپنی جائیدادوں کی نیلامی پر فوری طور پر حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اپیل گزار کے وکیل کو ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ کیخلاف دائر نیب ریفرنسز کی نقول جمع کروانے کا حکم جاری کردیا جبکہ  جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ حکم امتناع سے متعلق درخواست پر یکطرفہ طور پرنہیں بلکہ دوسرے فریقین کا موقف بھی سن کر ہی فیصلہ کریں گے  جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ریفرنسزکی نقول بھی اپیلوں کیساتھ منسلک کریں تاکہ اصل غبن کا پتہ چل سکے، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل تین رکنی بنچ نے جمعہ کے روز نجی ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ کی ،قومی احتساب بیورو کی جانب سے اپنی جائیدادوں کی نیلامی رکوانے کے حوالے سے دائر کی گئی اپیلوںکی سماعت کی تو اپیل گزار کی جانب سے فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور نیب کی جانب سے جائیدادوں کی نیلامی کے عمل پر فوری طور پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا کی تاہم عدالت نے ان کی استدعا مسترد کردی ،جسٹس نعیم اختر افغان نے کہاکہ نیب ریفرنسز کی نقول بھی اپیلوں کے ساتھ منسلک کریں تاکہ معلوم ہو سکے کہ اصل غبن کیا ہوا ہے؟فاضل جج نے کہا کہ ملزمان نے نیب کیساتھ پلی بارگین کی تھی،اس حوالے سے آٹھ جائیدادیں نیب کو دی گئی تھیں ، اب ملزم کہتا ہے کہ پلی بارگین رضاکارانہ طور پر نہیں بلکہ دباؤ کے تحت کی گئی تھی ، ملزم ن کا موقف ہے کہ اس نے چیئرمین نیب کو پلی بارگین ختم کرنے کی درخواست بھی دی تھی ،پلی بارگین ختم کرنے کی درخواست کے بعد کیس پہلے والی سٹیج پر آگیا ،فاضل جج نے سوال اٹھایا کہ اس صورت میں نیب جائیدادوں کی نیلامی کی جانب کیسے چلا گیا؟ پلی بارگین ختم کرنے کی درخواست کے بعد تو اب ریفرنس پر ملزمان کا ٹرائل ہوگا اور اگر ملزمان کو کوئی سزا ہوئی تب ہی اس کی جائیدایں ضبط ہوں گی،دوران سماعت اپیل گزار کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ ہمارا یہی کیس ہے، ہماری پلی بارگین ختم کرنے کی درخواست اور نیب ریفرنس زیر التواء ہیں، فاضل وکیل نے عدالت سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی جائیدادوں کی نیلامی کے عمل پر فوری طور پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا کی تو جسٹس امین الدین خان نے مذکورہ بالا آبزرویشن دی اور عدالت نے ان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فاضل وکیل کو ملزمان کیخلاف دائر نیب ریفرنسز کی نقول جمع کروانے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی مزیدسماعت تیرہ اگست تک ملتوی کردی، جسٹس امین الدین خان نے کہاکہ آئندہ سماعت پر مرکزی مقدمہ اور اس میں دائر شدہ متفرق درخواستوں پر سماعت ہوگی۔
اہم خبریں سے مزید