اسلام آباد (صالح ظافر) وزیراعظم نے دفتر خارجہ کی تجویز کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت اسپیشل سیکرٹری برائے امور خارجہ، سفیر شفقت علی خان کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ ابوظہبی میں موجودہ سفیر فیصل نیاز ترمذی کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے۔ وزیرِاعظم نے فیصل ترمذی کو روس میں پاکستان کا سفیر مقرر کرنے اور ان کے تبادلے کی تجویز کی بھی منظوری دے دی ہے۔ باخبر ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یہ تقرریاں اور تبادلے تجویز کیے تھے، جنہیں وزیراعظم شہباز شریف نے منظور کر لیا ہے۔ ادھر پاکستان نے متحدہ عرب امارات اور روس سے دونوں سفیروں کی تقرری کے لیے باقاعدہ منظوری (اگریما) طلب کر لی ہے۔