• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈونلڈ ٹرمپ نے آذربائیجان اور آرمینیا میں امن معاہدہ کروا دیا

کراچی (نیوز ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ نے آذربائیجان اور آرمینیا میں مکمل جنگ بندی کرواتے ہوئے امن معاہدہ کروادیا ، آذربائیجان اور آرمینیا نے جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں امن معاہدے پر دستخط کردئیے،دونوں ممالک نے امریکی صدر کو نوبیل انعام کیلئے نامزد بھی کردیا ، وائٹ ہاوس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب کی میزبانی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں کی۔ آذر بائیجان اور آرمینیا کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ امن معاہدہ صرف آرمینیا یا آذربائیجان کے بارے میں نہیں بلکہ پورے خطے کیلئے ہے اور یہ جانتے ہیں کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ یہ خطہ زیادہ محفوظ اور زیادہ خوشحال جانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک جنگ کی طرف جارہے تھے ، میں نے دونوں سے کہا کہ وہ جنگ کے بجائے تجارت کریں ، دونوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ جنگ نہیں کریں گے۔ دونوں ممالک معیشت اور تجارت کو ترجیح دیں گے۔ ترجمان وائٹ ہاوس نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے  آرمینیا اور آذربائیجان کے ساتھ توانائی، ٹیکنالوجی، اقتصادی تعاون، سرحدی سلامتی، بنیادی ڈھانچے اور تجارت کے معاہدوں پر دستخط کئے۔ٹرمپ نے اس موقع پر ایک بار پھر کہا کہ وہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بھی جنگ بندی کروائی ۔ اس موقع پر آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے ، امن کیلئے راستہ کھل گیا ہے ، آرمینیا کیساتھ آگے بڑھیں گے۔ آرمینیا کے وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ دنیا بھر میں قیام امن کیلئے مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔  
اہم خبریں سے مزید