اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) قومی اسمبلی میں نئے قائد حزب اختلاف کے تقرر کی غرض سے ضابطے کی کارروائی آئندہ ہفتے شروع کر دی جائے گی،عمر ایوب نااہل ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے ایوان کے لئے اجنبی قرار پا گئے ہیں ان کا پارلیمنٹ یا اسکے اثاثوں سے کوئی تعلق نہیں قائد حزب اختلاف کا چیمبر ان سے خالی کرا لیا گیا ہے،نئے قائد حزب اختلاف کے لئے سنی اتحاد کونسل، جمیعت العلمائےاسلام، بی این پی، مجلس وحدت المسلمین، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی، اور آزاد ارکان سے رجوع کیا جائے گا ،تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان آزاد ارکان میں شامل ہیں،سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، محمود اچکزئی اور ملک عامرڈوگر قائد حزب اختلاف کی دوڑ میں شریک ہیں ،سنی اتحاد کونسل کو اپنے "آئین" کے مطابق بلا تاخیر چیئرمین بنانا ہوگا ورنہ اسکی رجسٹریشن منسوخ ہونے کے خطرے سے دوچار ہو جائے گی،مسلم لیگ-ن ضمنی انتخابات کے لئے اپنے امیدوار مقابلے کے لئے اتارے گی ہری پور ہزارہ سے بابر نواز، عمر ایوب کی نشست پر جبکہ جسٹس افتخار چیمہ، احمد چٹھہ کی نشست پر تیار کئے جارہے ہیں،مسلم لیگ-ن نے اپنے امیدواروں کو انتخابی مہم کو خاکہ مرتب کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، قومی اسمبلی میں نئے قائد حزب اختلاف کے تقرر کی غرض سے اسپیکر سردارایاز صادق آئندہ اوائل ہفتہ ضابطے کی کارروائی شروع کردیں گے۔