کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید72فلسطینی شہیدہوگئے،جبکہ بھوک سےاموات کا سلسلہ بھی جاری ہے اور مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔امداد حاصل کرنے کی کوشش کے دوران 16افراد کو نشانہ بنایا گیا،شہدا کی مجموعی تعداد 61,330ہو گئی ۔ دنیا بھر میں غزہ پر اسرائیلی قبضے کے اعلان کے خلاف اظہار مذمت کیا جا رہا ہے ۔برطانوی وزیراعظم نےقبضہ منصوبے کو غلط قرار دیا،چین نے منصوبے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سویڈن کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جنگ بندی مشکل ہو جائیگی۔ بلجیم نے اسرائیلی سفیر کی طلبی کا اعلان کیا ہے۔ فلسطین نے غزہ پر قبضہ منصوبے کیخلاف عرب لیگ کااجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ فلسطینی عوام نے اپنے گھرنہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یہیں مرینگے، اسرائیلیوں کو غزہ میں صرف ہمارے جسم وروح ملیں گے۔غزہ کے اسپتالوں میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران بھوک سے مزید چار اموات ریکارڈ کی گئیں، جس سے اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک غذائی قلت سے ہونے والی اموات کی تعداد 201 ہو گئی ہے، جن میں 98 بچے شامل ہیں۔امداد حاصل کرنے کی کوشش کے دوران 16 فلسطینی شہید اور 250زخمی ہوئے۔ اس طرح امداد کے متلاشی شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1,772 اور زخمیوں کی تعداد 12,249ہو گئی ہے۔