کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہریوں کی ہلاکت کاسلسلہ جاری ،کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان قتل ہو گیا،مشتعل عوام کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا،تیسرا ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹائون تھانے کی حدود کورنگی ڈھائی نمبر رضوان سوئیٹس کے قریب تین ڈاکوئوں نے ایک نوجوان سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی تو نوجوان نے مزاحمت کر دی۔اس دوران ڈاکوئوں نے نوجوان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا ۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے بعد فرار ہونے والو 2 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے جبکہ تیسرا ڈاکو فرار ہو گیا۔ مشتعل افراد نے دونوں ڈاکوؤں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جسکے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ جاں بحق شہری کی لاش جبکہ ہلاک ڈاکو اور زخمی ڈاکو کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 24 سالہ محمد غلام ولد محمد انور کے نام سے کی گئی ہے۔