کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیوسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی وائس چانسلر ڈاکٹر انجینئر ثمرین حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو یوم آزادی گزرنے کے بعد قومی پرچم کے تقدس اور احترام کا بھر پور خیال رکھنا چاہئے ، یہ جان کر بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے کہ اسکاؤٹس پاکستان کے پہلے سفیر ہیں اور بانی پاکستان قائد اعظم محمدجناح نے بنفس نفیس ان کا وطن پہنچنے پر استقبال کیا ہے ،اسکاؤٹس کو صلاحیتوں کے حوالے سے دیگر بچوں پر فوقیت حاصل ہےاور عنقریب اسکاؤٹنگ کے فروغ کیلئے داود یونیوسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے درمیان ایک یاداشت پر دستخط کئے جائیں گے ، وہ سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اسکاؤٹ آڈیٹوریم میں قومی پرچم کے حوالے سے منعقد ہ تقریب سے خطاب کررہی تھیں ۔ اس موقع پر صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز ،میونسپل کمشنر ضلع ساؤتھ نور محمد جوکھیو، صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر ، کمشنر گرلز ان اسکاؤٹنگ ظفر سلطانہ ، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن ٹی ایم سی صدر زون اسما ایاز، ڈپٹی صوبائی سیکریٹری فرقان احمد یوسفی ، کمشنر انور علی بھٹی ، عبدا لحئی خان ، محمد طاہر شیخ ، سید حبیب الدین ،ڈسٹرکٹ سیکریٹری بشری احسان ، محمد صادق جعفری اور دیگر موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر)حسن فیروز کا کہنا تھا کہ ہم نامساعد حالات کے باوجود نوجوانوں کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم پاکستان میں اسکاؤٹنگ کے میدان میں نمبر ون پوزیشن پر کھڑے ہیں ، صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر نے قومی پرچم ڈے کی مناسبت سے قومی پرچم کی تاریخ ، ہیت اور اہمیت و احترام سے متعلق روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں قومی پرچم کی اہمیت اور تقدس کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے ۔