اسلام آباد ( نیو زرپو رٹر)کراچی کی 70 سالہ پرانی بندرگاہی عمارتوں کو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دینے کی بھی تجویز،پا کستان میں عالمی معیار کا میری ٹائم میوزیم قائم کیا جائے گا،وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے زیرآب ثقافتی اثاثے پاکستان کی قومی شناخت کا اہم حصہ ہیں،زیرآب ورثے کی ڈیجیٹل میپنگ کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیسکو کی نمائندہ ڈاکٹر کرسٹینا سے ملاقات میں پاکستان کے زیرآب آثار قدیمہ کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے،پاکستان 2001 کا یونیسکو کنونشن توثیق کرنے والا پہلا جنوبی ایشیائی ملک بنے گا۔اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا یونیسکو کے اشتراک سے بحری ثقافتی ورثے کا تحفظ یقینی بنائیں گے،زیرآب ثقافت کا تحفظ ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف عالمی جدوجہد کا حصہ ہے۔