پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے اداکارہ ہانیہ عامر کی بائیک رائیڈ کرتے ویڈیو پر سخت ردعمل دیا ہے۔
پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ اور انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی شخصیت ہانیہ عامر ایک بار پھر تنازع کا شکار ہوگئیں، وہ اپنی ’جنریشن زی‘ طرزِ زندگی اور مزاحیہ و دوستانہ مواد کی وجہ سے مداحوں میں بے حد مقبول ہیں۔
حال ہی میں ہانیہ عامر کو کراچی کی سڑکوں پر ایک دوست کے ساتھ موٹر پر سواری کرتے دیکھا گیا، جہاں نہ وہ خود اور نہ ہی ان کا ساتھی ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے، مزید برآں ویڈیو میں ہانیہ کو تیز رفتار بائیک کی پچھلی سیٹ پر کھڑے ہوتے اور ڈانس کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
سماجی کارکن اور سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے انسٹاگرام پر اس ویڈیو پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ کئی سال سے روڈ سیفٹی کے لیے آواز بلند کر رہی ہیں اور مشہور شخصیات کو چاہیے کہ وہ اپنے مواد میں زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے لکھا کہ میں کئی سالوں سے اسپتالوں اور ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر یہ کوشش کر رہی ہوں کہ کیسے پاکستان کے نوجوانوں کو ہیلمٹ پہننے اور محفوظ طریقے سے بائیک چلانے کی ترغیب دی جائے، لیکن یہ منظر میرے دل میں خنجر کی طرح لگا ہے۔
انسٹا گرام پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ معروف شخصیات کے پاس لاکھوں لوگوں پر اثر انداز ہونے کی طاقت ہوتی ہے، ایک ماں ہونے کے ناطے میں چاہتی ہوں کہ ہمارے بچے جن معروف شخصیات اور انفلوئنسرز کو فالو کرتے ہیں وہ ذمہ دارانہ پوسٹ کریں اور ایسی بے وقوفانہ پوسٹ سے پرہیز کریں جس سے لوگوں کی جانوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
شنیرا نے واضح کیا کہ مجھے ہانیہ عامر سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں، بلکہ میں شکر گزار ہوں کہ ہانیہ محفوظ ہیں، مگر ایسے مناظر کو شیئر کرنا درست نہیں۔
انٹرنیٹ صارفین کی بڑی تعداد نے شنیرا اکرم کی رائے سے اتفاق کیا، ایک صارف نے لکھا کہ ہانیہ صرف توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسا کرتی ہیں، ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ شنیرا بالکل درست کہہ رہی ہیں۔