کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی تعلیم، ہنر مندی اور معاشی بااختیاری کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت اور محنتی ہیں ریاست ان کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت بلوچستان کی ترجیح ہے کہ نوجوان خصوصاً خواتین کو ایسی سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں جن سے وہ نہ صرف ذاتی بلکہ معاشرتی اور معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ حکومت نے نوجوان خواتین کو اپنے کاروبار کے آغاز کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا ہے، تاکہ وہ اپنے معاشی سفر کا آغاز خودمختاری کے ساتھ کر سکیں۔ خواتین کے لیے الگ بازار قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں وہ محفوظ اور سازگار ماحول میں اپنی مصنوعات کی تیاری اور فروخت کر سکیں کام کے مقامات پر خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے انسدادِ ہراسگی قوانین کو مزید مؤثر اور بہتر بنایا جا رہا ہے، تاکہ خواتین بلا خوف و خطر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں انہوں نے کہا کہ کمیشن آن اسٹیٹ آف ویمن کو فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔