کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے صوبائی نائب صدر علامہ دبیر حسین نے پنجاب میں عزداروں پر مقدمات درج اور عزداروں کو مختلف طریقوں سے دھماکنے اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ فوری بند کرکے تمام گرفتار افراد کو رہا کیا جائے ، کوئٹہ میں اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اور صوبے میں امن کے قیام کو یقینی بنایا جائے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر علامہ سید محمد رضا اخلاقی ، سید سکندر شاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھروں پر چھاپے اور عزداری کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جس کی مذمت کرتے اور حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ عزاداری ہمارا حق ہے اور اس پر کسی قسم کی کوئی قدغن برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے تاکہ چہلم امام حسین ؓ کو بھر پور اور پرامن طور پر گزار سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں جرائم کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں چند روز قبل ہزارہ ٹاون سے شہر کی طرف آنے والے نوجوان کو گولیاں ماری گئیں ۔ اس کے کچھ دن بعد ہی صبح کے وقت آر بی سی کے سامنے دن دہاڑے ایک اور نوجوان سے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھین لی گئی حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔